بھٹکل: 3؍نومبر (ایس او نیوز)جالی پٹن پنچایت حدود کے دیوی نگر سکینڈ کراس پر گھروں کا گندہ پانی اندرونی نالیوں میں ہی رکے رہنے سے آس پاس کے عوام کو پریشانی اور بیماریوں کا خدشہ ہونے پر علاقے کے عوام نے پنچایت کی ان دیکھی پر اعتراض جتایا۔
عوام نے پنچایت پر الزام لگایاکہ علاقے کے مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ کئی گھروں کا گندہ پانی نالیوں کے ذریعے بہے بغیر ایک ہی جگہ رکا ہواہے جس سے بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ مرمت کے لئے کئی مرتبہ پنچایت سے اپیل کی گئی مگر افسران ہوں کہ عوامی نمائندے کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔ علاقہ کے مسائل کے متعلق بات کرتے ہوئے بابونائک نےکہاکہ عوام کو یہ بھی پتہ نہیں کہ وارڈ کا ممبر کون ہے؟ یہاں پنچایت کا کوئی کام ٹھیک طرح سے انجام نہیں دیا جارہاہے۔ اندرونی نالیوں کا انتظام ٹھیک کئے بغیر وقت گزاری کئے جانے کی بات کہتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔
معاملے کو لے کر جالی پنچایت کے صدر آدم پنمبور نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ دراصل وہاں اندرونی نالیوں کا کام جاری ہے، کام کے دوران کچھ جھلی نالیوں میں گرنے سے پانی رک گیا ہے۔ ایک دو دن میں کام ہوتےہی نالیوں کا انتظام ٹھیک ہونے کی بات کہی۔